امیٹھی، 22؍فروری (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )آرجے ڈی کے سربراہ لالوپرساد یادونے کہاہے کہ نریندر مودی وزیر اعظم کے عہدے کے لیے موزوں نہیں ہیں اور وہ ملک کے نوجوانوں کوبہکارہے ہیں۔لالویادو نے جیت پور میں تلوئی اسمبلی سیٹ سے کانگریس امیدوار ونود مشرا کے لیے تشہیر کرتے ہوئے ایک جلسہ عام میں کہاکہ مودی مختلف طریقوں سے نوجوانوں کو بہکا رہے ہیں اور وہ وزیر اعظم کے عہدے کے لائق نہیں ہیں۔بہار کے سابق وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیاکہ اتر پردیش میں کانگریس -سماجوادی اتحاد اقتدار میں آئے گا ۔واضح رہے کہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے کے تحت امیٹھی میں 27؍فروری کو پولنگ ہوگی۔غورطلب ہے کہ وزیر اعظم مودی آج کل اسمبلی انتخابات کی تشہیر میں مصروف ہیں ، وہیں آر جے ڈی کے صدرلالوپرساد یادو ان پرمسلسل نشانہ سادھ رہے ہیں، حال ہی میں لالوپرسادیادونے ٹوئٹ کرکے کہاتھا کہ وزیر اعظم مودی کہتے ہیں کہ میراکیاہے؟۔ جھولااٹھاکرچل دوں گا، لیکن یہ نہیں بتایاکہ اس پوشیدہ جھولے میں امبانی، اڈانی کے علاوہ اور کون- 2سے جھولے جھمیلے بھرے ہوئے ہیں۔دراصل، وزیر اعظم مودی نے کئی ریلیوں میں کہا تھا کہ میرا کیا ہے، میں تو فقیر ہوں، تھیلے اٹھاکر چل دوں گا اور یہ سچ ہے کہ اسی فقیری نے انہیں غریبوں کے حق کی لڑائی لڑنے کی طاقت دی ہے۔